سورت نمبر   آیت نمبر

(76) سورۃ الانسان (مدنی — کل آیات 31)

بِسْمِ اللّـٰهِ الرَّحْـمٰنِ الرَّحِيْـمِ

هَلْ اَتٰى عَلَى الْاِنْسَانِ حِيْنٌ مِّنَ الـدَّهْرِ لَمْ يَكُنْ شَيْئًا مَّذْكُوْرًا (1)

انسان پر ضرور ایک ایسا زمانہ بھی آیا ہے کہ اس کا کہیں کچھ بھی ذکر نہ تھا۔

اِنَّا خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ مِنْ نُّطْفَةٍ اَمْشَاجٍۖ نَّبْتَلِيْهِ فَجَعَلْنَاهُ سَـمِيْعًا بَصِيْـرًا (2)

بے شک ہم نے انسان کو ایک مرکب بوند سے پیدا کیا، ہم اس کی آزمائش کرنا چاہتے تھے پس ہم نے اسے سننے والا دیکھنے والا بنا دیا۔

اِنَّا هَدَيْنَاهُ السَّبِيْلَ اِمَّا شَاكِرًا وَّاِمَّا كَفُوْرًا (3)

بے شک ہم نے اسے راستہ دکھا دیا، یا تو وہ شکر گزار ہے اور یا ناشکرا۔

اِنَّـآ اَعْتَدْنَا لِلْكَافِـرِيْنَ سَلَاسِلَ وَاَغْلَالًا وَّسَعِيْـرًا (4)

بے شک ہم نے کافروں کے لیے زنجیریں اور طوق اور دہکتی آگ تیار کر رکھی ہے۔

اِنَّ الْاَبْـرَارَ يَشْرَبُوْنَ مِنْ كَاْسٍ كَانَ مِزَاجُهَا كَافُوْرًا (5)

بے شک نیک ایسی شراب کے پیالے پیئیں گے جس میں چشمہ کافور کی آمیزش ہوگی۔

عَيْنًا يَّشْرَبُ بِـهَا عِبَادُ اللّـٰهِ يُفَجِّرُوْنَـهَا تَفْجِيْـرًا (6)

وہ ایک چشمہ ہوگا جس میں سے اللہ کے بندے پیئیں گے اس کو آسانی سے بہا کر لے جائیں گے۔

يُوْفُوْنَ بِالنَّذْرِ وَيَخَافُوْنَ يَوْمًا كَانَ شَرُّهٝ مُسْتَطِيْـرًا (7)

وہ اپنی منتیں پوری کرتے ہیں اور اس دن سے ڈرتے رہتے ہیں جس کی مصیبت ہر جگہ پھیلی ہوئی ہوگی۔

وَيُطْعِمُوْنَ الطَّعَامَ عَلٰى حُبِّهٖ مِسْكِـيْنًا وَّيَتِيْمًا وَّاَسِيْـرًا (8)

اور وہ اس کی محبت پر مسکین اور یتیم اور قیدی کو کھانا کھلاتے ہیں۔

اِنَّمَا نُطْعِمُكُمْ لِوَجْهِ اللّـٰهِ لَا نُرِيْدُ مِنْكُمْ جَزَآءً وَّلَا شُكُـوْرًا (9)

ہم جو تمہیں کھلاتے ہیں تو خاص اللہ کے لیے، نہ ہمیں تم سے بدلہ لینا مقصود ہے اور نہ شکرگزاری۔

اِنَّا نَخَافُ مِنْ رَّبِّنَا يَوْمًا عَبُوْسًا قَمْطَرِيْـرًا (10)

ہم تو اپنے رب سے ایک اداس (اور) ہولناک دن سے ڈرتے ہیں۔

فَوَقَاهُـمُ اللّـٰهُ شَرَّ ذٰلِكَ الْيَوْمِ وَلَقَّاهُـمْ نَضْرَةً وَّّسُرُوْرًا (11)

پس اللہ اس دن کی مصیبت سے انہیں بچا لے گا اور ان کے سامنے تازگی اور خوشی لائے گا۔

وَجَزَاهُـمْ بِمَا صَبَـرُوْا جَنَّةً وَّّحَرِيْـرًا (12)

اور ان کے صبر کے بدلے ان کو جنت اور ریشمی پوشاکیں دے گا۔

مُّتَّكِئِيْنَ فِيْـهَا عَلَى الْاَرَآئِكِ ۖ لَا يَرَوْنَ فِيْـهَا شَمْسًا وَّلَا زَمْهَرِيْـرًا (13)

اس میں تختوں پر تکیہ لگائے ہوئے ہوں گے، نہ وہاں دھوپ دیکھیں گے اور نہ سردی۔

وَدَانِيَةً عَلَيْـهِـمْ ظِلَالُـهَا وَذُلِّلَتْ قُطُوْفُهَا تَذْلِيْلًا (14)

اور ان پر اس کے سائے جھک رہے ہوں گے اور پھلوں کے گوشے بہت ہی قریب لٹک رہے ہوں گے۔

وَيُطَافُ عَلَيْـهِـمْ بِاٰنِيَةٍ مِّنْ فِضَّةٍ وَّّاَكْوَابٍ كَانَتْ قَوَارِيْـرَا (15)

اور ان پر چاندی کے برتن اور شیشے کے آبخوروں کا دور چل رہا ہوگا۔

قَوَارِيْـرَ مِنْ فِضَّةٍ قَدَّرُوْهَا تَقْدِيْـرًا (16)

شیشے بھی چاندی کے جو ایک خاص انداز پر ڈھالے گئے ہوں گے۔

وَيُسْقَوْنَ فِيْـهَا كَاْسًا كَانَ مِزَاجُهَا زَنْجَبِيْلًا (17)

اور انہیں وہاں ایسی شراب کا پیالہ پلایا جائے گا جس میں سونٹھ کی آمیزش ہوگی۔

عَيْنًا فِيْـهَا تُسَمّـٰى سَلْسَبِيْلًا (18)

وہ وہاں ایک چشمہ ہے جس کا نام سلسبیل ہے۔

وَيَطُوْفُ عَلَيْـهِـمْ وِلْـدَانٌ مُّخَلَّـدُوْنَۚ اِذَا رَاَيْتَـهُـمْ حَسِبْتَـهُـمْ لُؤْلُؤًا مَّنْثُوْرًا (19)

اور ان کے پاس سدا رہنے والے لڑکے (خادم) گھومتے ہوں گے، جو تو ان کو دیکھے گا تو خیال کرے گا کہ وہ بکھرے ہوئے موتی ہیں۔

وَاِذَا رَاَيْتَ ثَـمَّ رَاَيْتَ نَعِيْمًا وَّمُلْكًا كَبِيْـرًا (20)

اور جب تو وہاں دیکھے گا تو نعمت اور بڑی سلطنت دیکھے گا۔

عَالِيَـهُـمْ ثِيَابُ سُنْدُسٍ خُضْرٌ وَّّاِسْتَبْـرَقٌ ۖ وَحُلُّوٓا اَسَاوِرَ مِنْ فِضَّةٍۚ وَّسَقَاهُـمْ رَبُّهُـمْ شَرَابًا طَهُوْرًا (21)

ان پر باریک سبز اور موٹے ریشم کے لباس ہوں گے، اور انہیں چاندی کے کنگن پہنائے جائیں گے، اور انہیں ان کا رب پاک شراب پلائے گا۔

اِنَّ هٰذَا كَانَ لَكُمْ جَزَآءً وَّكَانَ سَعْيُكُمْ مَّشْكُـوْرًا (22)

بے شک یہ تمہارے (نیک اعمال کا) بدلہ ہے اور تمہاری کوشش مقبول ہوئی۔

اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْاٰنَ تَنْزِيْلًا (23)

بےشک ہم نے ہی آپ پر یہ قرآن تھوڑا تھوڑا اتارا ہے۔

فَاصْبِـرْ لِحُكْمِ رَبِّكَ وَلَا تُطِعْ مِنْـهُـمْ اٰثِمًا اَوْ كَفُوْرًا (24)

پھر آپ اپنے رب کے حکم کا انتظار کیا کریں اور ان میں سے کسی بدکار یا ناشکرے کا کہا نہ مانا کریں۔

وَاذْكُرِ اسْـمَ رَبِّكَ بُكْـرَةً وَّّاَصِيْلًا (25)

اور اپنے رب کا نام صبح اور شام یاد کیا کریں۔

وَمِنَ اللَّيْلِ فَاسْجُدْ لَـهٝ وَسَبِّحْهُ لَيْلًا طَوِيْلًا (26)

اور کچھ حصہ رات میں بھی اس کو سجدہ کیجیے اور رات میں دیر تک اس کی تسبیح کیجیے۔

اِنَّ هٰٓؤُلَآءِ يُحِبُّوْنَ الْعَاجِلَـةَ وَيَذَرُوْنَ وَرَآءَهُـمْ يَوْمًا ثَقِيْلًا (27)

بے شک یہ لوگ دنیا کو چاہتے ہیں اور اپنے پیچھے ایک بھاری دن کو چھوڑتے ہیں۔

نَّحْنُ خَلَقْنَاهُـمْ وَشَدَدْنَآ اَسْرَهُـمْ ۖ وَاِذَا شِئْنَا بَدَّلْنَآ اَمْثَالَـهُـمْ تَبْدِيْلًا (28)

ہم ہی نے انہیں پیدا کیا اور ان کے جوڑ مضبوط کر دیے اور جب ہم چاہیں ان جیسے ان کے بدلے اور لا سکتے ہیں۔

اِنَّ هٰذِهٖ تَذْكِـرَةٌ ۖ فَمَنْ شَآءَ اتَّخَذَ اِلٰى رَبِّهٖ سَبِيْلًا (29)

بے شک یہ ایک نصیحت ہے پس جو کوئی چاہے اپنے رب کی طرف راستہ اختیار کرے۔

وَمَا تَشَآءُوْنَ اِلَّآ اَنْ يَّشَآءَ اللّـٰهُ ۚ اِنَّ اللّـٰهَ كَانَ عَلِيْمًا حَكِـيْمًا (30)

اور تم جب ہی چاہو گے جب اللہ چاہے گا، بے شک اللہ سب کچھ جاننے والا حکمت والا ہے۔

يُدْخِلُ مَنْ يَّشَآءُ فِىْ رَحْـمَتِهٖ ۚ وَالظَّالِمِيْنَ اَعَدَّ لَـهُـمْ عَذَابًا اَلِيْمًا (31)

جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت میں داخل کرتا ہے اور ظالموں کے لیے تو اس نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے۔